Search
جب تم تعریف کرنے والوں کو دیکھو تو ان کے چہروں پر خاک ڈالو
ہمام بن حارث سے روایت ہے کہ ایک شخص سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی تعریف کرنے لگا، سیدنا مقداد رضی اللہ عنہ اپنے گھٹنوں کے بل بیٹھے – وہ ایک عظیم الجثہ شخص تھے– اور تعریف کرنے والے کے منہ پر کنکریاں ڈالنے لگے، سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا: (اے مقداد!) تمہیں کیا ہو گیا ہے؟ وہ بولے: بے شک رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے: "جب تم تعریف کرنے والوں کو دیکھو تو ان کے چہروں پر خاک ڈالو۔"
نبی کریم ﷺ کسی کی بہت زیادہ تعریف کرنا پسند نہیں فرماتے تھے، کیونکہ اس میں مبالغہ آرائی ہوجاتی ہے جو کذب بیانی اور منافقت سے لبریز ہوتی ہے جو چاپلوسی کے طور اس تعریف کرنے والے کے چہرے یا اس کی لڑکھڑاتی زبان سے صاف ظاہر ہوتی ہے۔
بسا اوقات کچھ عقیدت مند صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نبی کریم ﷺ سے اپنی محبت کو ظاہر کرنے کے لیے آپ ﷺ کی تعریف کرتے تو آپ ان کا دل رکھنے کے لیے انہیں اجازت دیتے اور ان کی تعریف قبول فرماتے لیکن اگر آپ کبھی کبھار کچھ مبالغہ دیکھتے تو بڑے ادب واحترام سے منع فرما دیتے۔